کمٹہ 14؍اپریل (ایس او نیوز)مدرسہ ضیاء العلوم ونّلی کمٹہ تعلقہ کا سالانہ جلسہ منعقد ہوا جس میں مہمان خصوصی کے طور پر مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین کے چیف قاضی مولانا خواجہ بہا ء الدین اکرمی مدنی، مولانا انصار مدنی خطیب تنظیم جامعہ مسجد بھٹکل اورحافظ مولانا نعمت اللہ عسکری صدر جمیعت الحفاظ بھٹکل نے شرکت کی۔
پروگرام کا پہلا سیشن بعد نماز ظہر مدرسہ ضیا ء العلوم کے طلبا کی جانب سے تلاوت آیات قرآنی اور حمدسے شروع ہوا۔ جس میں حفاظ نے مقابلۂ حفظ میں حصہ لیا۔ جبکہ بعد عصر شروع ہونے والے سیشن میں طلبا کے مابین نعت سرائی کا مقابلہ ہوا۔تیسرا اختتامی اجلاس عشاء بعد شروع ہوا جس میں علمائے دین نے عوام کے جم غفیر سے خطاب فرمایا۔
مولاناخواجہ بہاء الدین اکرمی مدنی نے اس پروگرام کے انعقاد پر منتظمین کی ستائش کرتے ہوئے مدرسوں کی اہمیت پر اظہار خیال کیا اور کہاکہ ہمیں اللہ کی بے پناہ نعمتوں کاہمیشہ شکر ادا کرنا چاہیے اور پوری زندگی کو اسی کے احکام کا تابع بنانا چاہیے۔مولانا انصار خطیب مدنی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ اللہ کا بہت بڑا کرم ہے کہ اس نے ہمیں اسلام جیسی نعمت سے نوازا ہے۔ لہٰذا ہمارے لئے ضروری ہے کہ ہم اسلامی احکام اورحضور اکرم ﷺ کی سنت کے مطابق اپنی زندگی گزاریں۔آپ نے اس علاقے کی تاریخ کا تذکرہ کرتے ہوئے مشہور سیاح ابن بطوطہ کے حوالے سے " ہونور"کی اسلامی تہذیب اور مدرسوں کے تعلق سے بھی روشنی ڈالی۔مدرسے کے طلباء جنہوں نے حفظ قرآن مکمل کیاتھا انہوں نے حافظ مولانا نعمت اللہ عسکری صدر جمیعت الحفاظ بھٹکل سے' ختم قرآن' کیا ۔
اس تقریب کے دوران مدرسے کے طلباء کی جانب سے مختلف پروگرام پیش کیے گئے۔مولانا زکریا ندوی خطیب ونّلی جامع مسجد نے استقبالیہ خطاب کیا اور مولانا اقبال احمد نے نظامت کے فرائض انجام دئے۔اس موقع پر جماعت المسلین ونلّی کے صدر جناب ابوصالح ملا، جنرل سکریٹری جناب علی شاہ،مولانا سعود احمد ندوی، جناب عبداللہ وغیرہ اسٹیج پر جلوہ افروز تھے۔